آدی پروش نے پٹھان کا ریکارڈ توڑ دیا

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ کریتی سینن اور اداکار پربھاس کی فلم ’آدی پروش‘ نے سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 16 جون کو سنیما گھروں میں نمائش کیلیے پیش کی جانے والی آدی پروش سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گئی۔

کریتی سینن اور پربھاس کی فلم نے ریلیز کے دوسرے دن دنیا بھر میں مجموعی طور پر 240 کروڑ روپے کا بزنس بآسانی کرلیا۔

فلموں کی کمائی کا تجزیہ کرنے والے سومیت کاڈیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ آدی پروش 200 کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلم کے کلب میں شامل ہوگئی۔

سومیت کاڈیل نے مزید بتایا کہ فلم پہلے دن زبردست بزنس کرتے ہوئے 140 کروڑ روپے اکٹھے کرنے میں کامیاب رہی جبکہ اس نے دوسرے دن مزید 100 کروڑ روپے کمائے۔

رواں سال 25 جنوری کو سُپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہوئی جس نے دنیا بھر میں 600 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ اس فلم نے اپنی ریلیز کے دوسرے دن مجموعی طور پر 219 کروڑ روپے کمائے تھے۔ اس حساب سے آدی پروش نے پٹھان کو پیچھے چھوڑ دیا۔

آدی پروش میں کریتی سینن اور پربھاس کے علاوہ سیف علی خان بھی جلوہ گر ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ یہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان سے زیادہ بزنس کرنے والی ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/hUZoK7n

Post a Comment

0 Comments